اسلام آباد میں تجاوزات کے مکمل خاتمہ کیلئے جامع اور منظم پلان تشکیل دیا جائے؛ وزیراعظم عمران خان

11

اسلام آباد،16اگست  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تجاوزات کے مکمل خاتمہ کیلئے جامع اور منظم  پلان تشکیل دیا جائے، شجر کاری   اور  گرین ایریاز کے تحفظ  کی مہم میں مقامی لوگوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مراعات  کی فراہمی پر غور کیا جائے۔

 انہوں نے یہ ہدایت پیر کو وفاقی دارالحکومت سے متعلقہ امور پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اسلام آباد میں تجاوزات اور اس کے خلاف جاری کارروائی پر بریفنگ دیتے ہوئے چئیرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ تجاوزات کی بڑی وجہ  متفقہ ریگولیٹری فریم ورک  کا فقدان ہے کیونکہ یہ سی ڈی اے ، رجسٹرار سوسائٹیوں اور ایس ای سی پی کے درمیان منقسم ہے۔

وزیر اعظم نے تمام قواعد اور بلڈنگ بائی لاز کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ایک مضبوط اور  واحد ریگولیٹری باڈی کی  اہمیت  اور ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کی شکایت کے مکمل خاتمہ کے لئے جامع اور منظم پلان تشکیل دیا جائے اور اس حوالے سے پیشگی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیراعظم نے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کے ذریعے اسلام آباد کے ماحول کی حفاظت پر زور دیا۔ انہوں نے  ہدایت کی کہ  شجر کاری   اور  گرین ایریاز کے تحفظ  کی مہم میں مقامی لوگوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مراعات  کی فراہمی پر غور کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ،  معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان ، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد ، ایم این اے راجہ خرم نواز اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔