ملتان ، 15 اگست (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کے بعد ملکی سکیورٹی کے پیش نظر محرام الحرام بہت حساس ہے،شرپسند عناصر محرم الحرام پر امن خراب کرنے کے کوشش کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کے ہمراہ اتوار کو یہاں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام محرم الحرام کے سلسلہ میں اعلی سطح کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ و پولیس مکمل چوکس ہوکر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کرائے ۔انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے سیاسی قیادت سول و پولیس انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی بھی ناآگہانی صورتحال میں تمام ادارے فوری ریسپناس کی حکمت عملی تیار کریں ۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے امن و امان کے قیام کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں ، علماء کرام،امن کمیٹی اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قیام امن کیلئے مکمل اتفاق رائے ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر کسی بھی قسم کی بدامنی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ محرام الحرام کے سلسلہ میں کسی قسم کی بدامنی سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں ۔ واسا،میونسپل کارپوریشن اور روڈز سمیت تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے حساس مقامات و روٹس پر 180 سکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، روٹس پر تعمیراتی کام 100 فی صد مکمل کرلئے گئے ہیں۔
سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ امن کمیٹی اور لائسنس ہولڈرز کے ساتھ بھی امن کے حوالےسے مکمل رابطے میں ہیں، ضلع میں 1533 مجالس اور 485 جلوس نکالے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر سیکورٹی ادارے حساس مقامات پر سرچ آپریشن کررہے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی اور معاون خصوصی جاوید اختر انصاری سمیت اراکین اسمبلی ،ایم این اے زین قریشی،احمد حسین ڈیہڑ اور خالد جاوید وڑائچ بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔