افغانیوں نے کسی کے بھی سامنے نہ جھکنے کی تاریخ دہرائی ہے ، افغانیوں نے عالمی سپرپاور اور اس کی اتحادی نیٹو فورسز کو شکست دی ہے، طالبان رہنما شہاب الدین دلاور

17

کابل ۔26اگست  (اے پی پی):طالبان کے رہنما اور قطر میں مذاکرات کرنے والی ٹیم کے رکن شہاب الدین دلاور نے کہا ہے کہ افغانیوں نے کسی کے بھی سامنے نہ جھکنے کی تاریخ دہرائی ہے اور عالمی سپرپاور اور اس کی اتحادی نیٹو فورسز کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ان ہزاروں افغانیوں کی قربانیوں کے باعث ممکن ہوا جنہوں نے اپنے ملک کو غیر ملکی قابض قوتوں سے آزاد کرانے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں نے یہ بات اس لویہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں صوبہ قندوز سے تعلق رکھنے والے مشیران اور سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی جنہوں نے نئی آنے والی حکومت کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ۔ شہاب الدین دلاور طالبان کی پہلی حکومت میں سعودی عرب اور پاکستان میں افغانستان کے سفیر بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ غاصبوں اور مظلوموں کے درمیان ایسی لڑائی تھی جس میں مظلوموں نے غاصبوں کو شکست دی۔ انہوں نے جرگہ کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ عظیم فتح افغانستان کے عوام کی حمایت اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے جنگجو میدان میں تھے، افغانستان میں رہنے والے معاشرہ کے تمام طبقات کے لوگوں نے اس جہاد میں ہمارا ساتھ دیا۔ طالبان کے رہنما نے کہاکہ یہ تمام کافروں کی شکست ہے اور افغانیوں نے ایک مرتبہ پھر کسی کے بھی سامنے اپنے سر نہ جھکانے کی تاریخ دہرائی ہے۔ کافر افغانستان کو ملک شام جیسا بنانا چاہتے تھے اور اسے چار حصوں میں تقسیم کیا تاہم افغان عوام نے اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور اب غیر ملکی قوتیں افغانستان سے نکل رہی ہیں۔ طالبان رہنما نے کہاکہ 15 اگست سے افغانستان میں امن بحال کر دیا گیا ہے تاہم ہمیں اب آگے چیلنجز درپیش ہیں اور افغانیوں کے تمام طبقات کو ملکی امن و استحکام کیلئے اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں کوئی گروپ اکیلا حکومت نہیں کرسکتا ۔ نئی حکومت میں افغانیوں کے تمام طبقات کی نمائندگی ہوگی اور تمام طبقات جنگ زدہ اس ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کام کریں گے ۔ لویہ جرگہ  سے افغان پارلیمنٹ کے سابق رکن قاری دین محمد حنیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی افغان سرزمین پر جنگ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہم سب افغان  مسئلہ کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لئےکام کریں گے ۔ جرگہ سے افغان اولیسی جرگہ کے کچھ سابق اراکین اور مشران نے بھی خطاب کیا ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شہاب الدین نے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال جاری ہے اور حکومت کی کامیابی سے تشکیل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں کچھ وقت لگے گا ۔