بہاولنگر ، 11اگست (اے پی پی ): اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد بلدیہ ہال میں کیا گیا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر سید عثمان منیر نے کی،تقریب میں جشن آزادی کے حوالہ سے کیک بھی کاٹا گیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سید عثمان منیر نے کہا کہ قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتی برادری کا بہت اہم کردار ہے ،11 اگست کا دن اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں ۔
اس موقع پر اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے اس ملک کو ہجرت کے وقت بھی نہیں چھوڑا،پاکستان میں ہمیں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل آزادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔
تقریب میں چیف آفیسر محمد شفیق خان نے بھی شرکت کی۔