الیکٹرانک ووٹنگ مشین الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق بنائی ہے ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سنیٹر شبلی فراز کی میڈیا سے گفتگو

34

اسلام آباد۔3اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) تیار کرلی ہے، وفاقی کابینہ میں ای وی ایم پر بریفننگ دی ہے، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق آئندہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، یہ مشین کار آمد ثابت ہوگی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشین الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق بنائی ہے، انتخابات میں ہارنے والا امیدوار بھی نتائج تسلیم کرے، اس کے لئے انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم میں انٹرنیٹ اور آپریٹنگ سسٹم نہیں ہے، انٹرنیٹ اور سوفٹ ویئرنہ ہونے کی وجہ سے یہ بیرونی مداخلت سے پاک ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ مشین جلد کابینہ، اپوزیشن جماعتوں، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو دکھائیں گے، ای وی ایم کے استعمال سے آئندہ آنے والے انتخابات غیر متنازعہ اور سب کے لئے قابل قبول ہوں گے۔