اوکاڑہ؛یوم عاشور نواسہء رسول حضرت امام حسینؓ اورشہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں عقیدت واحترام سے منایا گیا

62

اوکاڑہ،19اگست(اے پی پی ): ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح اوکاڑہ میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منانے کے لئے سینکڑوں عزاداران نے مرکزی امام بارگاہ ایوان حسیں سے  ذوالجناح تعزیے اورعلم کے جلوس میں شامل ہو کر نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہداء کربلا کی یاد میں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے عزاداران بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے۔

مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں کالج روڈ،کچہری بازار اور مسجد گول چوک میں پہنچا جہاں پر شیعہ علماء ذاکرین نے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی اس موقع پر عزاداران نے شہداء کربلا کے غم میں زبردست ماتم اور زنجیر زنی کی۔

 بعدازاں جلوس اپنے روایتی راستے  پر گامزن ہوکر واپس مرکزی امام بارگاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا  اور نماز عشاءشام غریباں برپا ہو ئی ۔

یوم عاشور کے سلسلہ میں پولیس فورس کے 1700جوان و افسران فرائض منصبی ادا کر رہے تھے جبکہ ریسکیو 1122، سول ڈیفینس،قومی رضاکاران بھی جلوس اور عوام کی حفاظت پر مامور تھے۔شرکاء کو مکمل چیکنگ کے بعد جلوسوں میں شر کت کی اجازت دی گئی۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے  تھے ،  سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کے لئے کنٹرول روم قائم کئے گئے۔