آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی عسکری وفد کی ملاقات

13

راولپنڈی،16اگست  (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف  جنرل فیاض بن حامد الرویلی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی عسکری وفد نے پیر کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق   ملاقات کے دوران جیو سٹرٹیجک ماحول ، افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں دو طرفہ دفاعی تعاون اور ٹریننگ ایکسچینج پروگرام شامل ہیں،علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف  نے خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

جنرل فیاض بن حامد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام میں اس کے کردار کا اعتراف کیا۔  انہوں نے سعودی مسلح افواج کی تربیت میں پاک فوج کی مسلسل مدد پر شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

 قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی،  پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔