آر پی او سید خرم علی کا ضلع خانیوال اور لودھراں کا دورہ ، محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا

22

ملتان، 15 اگست (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے ضلع خانیوال اور لودھراں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ خانیوال میں ڈی پی او محمد علی وسیم،ڈپٹی کمشنرآغا ظہیر عباس شیرازی اور لودھراں میں ڈی پی او عبدالرؤف بابر نے حفاظتی انتظامات پر بریفنگ دی۔

آر پی او نےڈیوٹی پر مامور جوانوں کوچوکس ہوکر فرائض انجام دینے کی ہدایت کی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے تعاون کو سراہا۔آر پی اونے خانیوال اور لودھراں ڈی پی اوز دفاترمیں قائم کنٹرول رومز کا بھی معائنہ کیا اورسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی۔

 ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ محرم الحرام میں عزاداروں کیلئے حفاظتی ذمہ داری ہر صورت پوری کی جائے، تمام مسالک میں رواداری اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھیں ۔

 آر پی او سید خرم علی نےمحرم الحرام کے سلسلہ میں ڈی پی او آفس لودھراں میں حفاظتی اقدامات بارے اجلاس کی صدارت کی ، ڈی پی او عبدالرؤف بابر نے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔آر پی او نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کی حفاظت میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے،تمام مکاتب فکر میں رواداری،اتحاد، بھائی چارے کے فروغ کے لیے علماء کرام اور نمائندوں سے رابطہ رکھیں جو امن کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر کاروباری ادارے بند رکھے جائیں، لوگوں کو گھروں کی چھتوں اور کھڑکیوں سے جھانکتے کی اجازت نہ دیں،کسی بھی مسلک کی دل آزاری کی ہرگز اجازت نہ دیں ۔

 آر پی او نے تھانہ صدر اور سٹی لودھراں کا معائنہ کیااور فرنٹ ڈیسک،حوالات اور مال خانہ کا جائزہ لیا اور تھانوں کا ریکارڈ ملاحظہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے مطابق تھانوں کا ریکارڈ مکمل رکھا جائے ، ایس ایچ اوز سائلین کی فوری داد رسی یقینی بنائیں۔