اٹک؛8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پنجتنی اٹک شہر سے نکالا گیا

42

اٹک،17 اگست  (اے پی پی): 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پنجتنی اٹک شہر سے نکالا گیا، انجمنِ جاں نثارانِ حسین کے زیرِ اہتمام نکالے جانے والے جلوس کی برآمدگی سے قبل مجلسِ عزا منعقد کی گئی جس میں مقامی ذاکرین کے علاوہ ذاکرِ اہلِ بیت مظہر حسین شیرازی آف ہاتھی ونڈ نے ذکرِ فضائل و مصائبِ اہلِبیت کیا۔

 جلوس میں ضلع اٹک کی تمام ماتمی سنگتوں نے شرکت کی، جلوس کے راستے میں جابجا سبیلیں لگائی گئی تھیں، عزادارانِ امامِ مظلوم تمام راستے سینہ کوبی اور زنجیرزنی کرتے ہوئے اسلام کی بقاء کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے۔

 جلوس جب چوک فوارہ پہنچا تو انجمنِ سپاہِ علی اکبر کے زیرِ انتطام نمازِ ظہرین ادا کی گئی اور مختصر مجلس ہوئی جس سے علامہ ظفر حسین ظفری نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسین علیہ السلام محافظ اسلام ہیں، محسن اسلام ہیں جس جس کا تعلق اسلام سے ہے حسین اس کا محافظ ہے اگر امام حسین ؑ کربلا میں قربانی نہ دیتے تو آج یزیدیت کو اسلام سمجھا جاتا۔انہوں نے کہاکہ اہل بیت کی مؤدت واجب ہے کوئی عمل قبول نہیں جب تک اجر رسالت ادا نہ کیا جائے، محبت میں نقص آ سکتا ہے لیکن مؤدت ہوتی ہی تب ہے جب انسان اپنے آپ کو قربان کر دے محبت اور مؤدت میں فرق دیکھنا ہے تو درگاہ حسینیت پر آؤ فرق خود بخود واضع ہو جائے گا کہ قرآن کی آیت کیا کہہ رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کوامام حسین ؑ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ جنہوں نے قیامت تک کے لیے اسلام کو بقا دی آج شرافت انسانیت اور غیرت باقی ہے تو یہ حسینت کا کارنامہ ہے، زنجیر زنی اور پرسے کے بعد  جلوس اپنے مخصوص روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ کامل پور سیداں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔