اٹک میں پراٸمری سکولوں کی ایلیمنٹری سطح پر اپ گریڈیشن کی تقریب کا انعقاد

24

اٹک،16اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ پی پی1میں اربوں روپے کے ترقیاتی کا م ہورہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈھوک شرفا، بریار اور شیں باغ کلاں کے پراٸمری سکولوں کی ایلیمنٹری سطح پر اپ گریڈیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس، ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری اکرم ضیا، ڈسٹرکٹ آفیسرایلیمنٹری کاظم شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرایجوکیشن اٹک سید تقی شاہ  اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ ضلع اٹک میں اب تک 141 پرائمری سکول اپ گریڈ کئے گئے ہیں اور پی پی1میں 30 تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ان سکولوں میں اپنے بچوں کو داخل کرائیں۔ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 24کروڑ روپے کی لاگت سے نواں میل تا بریار سڑک تعمیر کی جارہی ہے، چھوئی بنگلہ سڑک بھی جلد تعمیر ہوجائے گی۔1ارب روپے سے حاجی شاہ روڈ دو رویہ کیا جارہا ہے۔تین میلہ تا چھیواں میل روڈ کی مرمت جاری ہے۔ پی پی۔1 میں مجموعی طور پر 35 بڑی سڑکوں پر کام ہورہاہے۔

انہوں نے عوام سے گزارش کے وہ ان سڑکوں کی تعمیرکے کام کا خود معائنہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں انہیں مطلع کریں۔وفاقی اور صوبائی کابینہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے سامنے غازی بھروتہ کی رائلٹی اور نوکریوں کا معاملہ اٹھایا گیا ہے اور ان کو جلد حل کیا جائے گا۔

تعلیم اور صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ یونیورسٹی آف اٹک منظور کرلی گئی ہے جو1ارب روپے سے دو سال میں تیار ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ زچہ و بچہ کا ہسپتال 6ارب روپے سے دو سال میں تعمیر ہوگا اور اس کے ساتھ ایک نرسنگ سکول اور کالج بھی قائم ہوگا۔سول ہسپتال میں 150بستروں کا اضافہ عمل میں لایا جارہا ہے۔ تھیلیسیمیا ہسپتال بھی قائم کیا جارہا ہے جہاں علاج مکمل مفت ہوگا۔گورنمنٹ اسفند یار بخاری ہسپتال اٹک میں ابتدائی طور پر 4ڈائیلاسس مشینیں تھیں جو ہماری حکومت نے بڑھا کر 10کردی اور اب ان کی تعداد 24تک لائی جارہی ہے۔  اگلے سال تک اٹک تا جنڈ روڈ بھی دو رویہ کردیا جائے گا۔شین باغ پل بھی جلد تعمیر ہوجائے گا۔ریسکیو1122کا ایک سب کیمپ آفس شین باغ میں بھی قائم کیا جارہا ہے جہاں سے مریضوں کو ہسپتال تک بروقت پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں 6ماڈل ہیلتھ ڈسٹرکٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں اٹک ایک ہے۔محکمہ صحت میں ڈاکٹر ز کی کمی کو پورا کیا جارہا ہے اور اب تک 200سے زائد ڈاکٹرز بھرتی ہوچکے ہیں۔بہت جلد گورنمنٹ اسفند یار بخاری ہسپتال میں نیوروسرجن بھی تعینات کیا جائے گا۔اس کے ساتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر ز کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔گورنمنٹ اسفند یار بخاری ہسپتال کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن پر 30کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ جس کی وجہ سے اس کی استعداد کار بڑھی ہے۔گوندل،جنڈ اور فتح جنگ میں ٹرامہ سنٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔اس سال کے آخر میں صوبہ پنجاب کے ہر خاندان کے پاس صحت کارڈہوگا جس سے وہ اپنا مفت علاج کروا سکیں گے۔ پی پی۔1میں 12سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جہا ں سے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔ جلد مستحق افراد میں سلائی مشینیں اور ویل چیئرز بھی تقسیم کی جائیں گی۔آنے والے دنوں میں اٹک کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور نوکریوں میں اضافہ ہوگا۔

صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ انہوں نے الیکشن مہم کے دوران کیے گئے وعدوں سے پانچ سو گنا زیادہ کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے اور بہتر حکمت عملی کی وجہ سے کورونا نے وہ تباہی پاکستان میں نہیں پھیلائی جو باقی دنیا میں ہوئی ہے۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنی کورونا ویکسینیشن کروائیں،کورونا ایس او پیز پر عمل کریں اور اپنی زندگیاں محفوظ بنائیں۔