اپوزیشن کی سیاست ختم ہو چکی ، شہباز شریف اب بھی میری پارٹی کا آدمی ہے؛ شیخ رشید احمد

49

لاہور 27 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نادرا میگا سنٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست ختم ہو چکی ، شہباز شریف  اب بھی  میری پارٹی کا آدمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور عمران خان کو تین سالہ حکومتی کارکردگی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اس وقت پاکستان مستحکم اور خطے میں مزید اہمیت اختیار کرنے والا ہے جبکہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش اور اپوزیشن بکھر چکی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ ذاتیات سے اوپر اٹھ کر قومی فرائض ادا کرنے کی طرف توجہ دے اور حکومت کے ساتھ تعاون کرکے ملک کو مضبوط بنائے۔ ایک سوال کے جواب نے انھوں نے کہا کہ نواز شریف کبھی واپس نہیں آئے گا اور اگر آنا چاہے تو چوبیس گھنٹوں میں ٹریول ڈاکومنٹ فراہم کئے جا سکتے ہیں۔

 شہباز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اب بھی میری پارٹی کا آدمی ہے چنانچہ عمران خان اس تھکی ہوئی اپوزیشن کی وجہ سے کہیں نہیں جاتا، حکومت ڈٹ کر پانچ سال پورے کرے گی، اب فضل الرحمن کو بھی چاہیے کہ ذاتی مفادات کی سیاست چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہو۔

 ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی کسی سیاسی جماعت میں دم خم باقی نہیں رہا یہ صرف عمران خان ہے کہ جس نے نئی پارٹی بنا کر کامیابی حاصل کی اب انصاف اور احتساب کا نظام تقویت پکڑے گا اور آئندہ دو برسوں میں مزید کیسوں کے فیصلے آئیں گے اور کرپٹ لوگ جیلوں میں جائیں گے۔