اسلام آباد،17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے آٹھویں، نویں اور دسویں جماعتوں میں سیرت النبی کی تعلیم لازمی پڑھانے پر زور دیا ہے، ایک قوم ایک نصاب ہمارا منشور تھا،اس سے معاشرے میں طبقاتی فرق ختم ہو گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے تین سالوں میں اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے قوم سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے اقدامات اٹھائے جس پر وزیراعظم نے کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔ ان اقدامات کا تسلسل آئندہ سالوں میں بھی جاری رہے گا۔ کرپشن فری، مضبوط اور مستحکم پاکستان اور مدینہ کی ریاست کے ماڈل کے وعدہ پر کاربند ہیں۔ عاشورہ کے بعد قوم کو اس پر اعتماد میں لیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزیر تعلیم شفقت محمود اور ان کی ٹیم کو ایک قومی نصاب کے اجراءپر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو یکجا کرنے، معاشرتی تفریق ختم کرنے اور پاکستانیت اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک نصاب کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک قوم ایک نصاب ہمارا وعدہ تھا، اس وقت پاکستان کے سکولوں میں مختلف نصاب پڑھائے جا رہے ہیں، ہمارا موقف تھا کہ بنیادی تعلیم کے کم از کم معیارات ایک جیسے ہونے چاہئیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ پہلی مرتبہ مدارس میں بھی جدید نصاب پڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم گھروں میں ناظرہ قرآن پڑھتے تھے، اب سکولوں میں بھی پڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا ہے کہ آٹھویں، نویں اور دسویں جماعتوں میں سیرت النبی ضرور پڑھائی جائے۔