اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بر آمدات میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی کا رجحان جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری مستحکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو موجودہ معاشی اعشاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشی اشاریئے زبردست ہیں، ہماری برآمدات میں استحکام نظر آ رہا ہے۔ افراط زر اور مہنگائی میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں افراط زر 10.9 فیصد، جون میں 9.7 فیصد جبکہ جولائی میں 8.4 فیصد رہا۔ ایس پی آئی مئی میں 16.9 فیصد، جون میں 15.4 فیصد جبکہ جولائی میں 12.6 فیصد رہا۔ اس حساب سے اس میں تقریباً چار فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کموڈیٹی پرائس بہت زیادہ اوپر گئی ہے، خوردنی تیل، اسٹیل اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا ہے لیکن پاکستان میں قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح میں مسلسل کمی آ رہی ہے جو انتہائی حوصلہ افزاءہے، بیرون ملک سرمایہ کاروں کے اعتماد میں 108 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی استحکام نظر آ رہا ہے جبکہ مجموعی طور پر لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 14 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے الیکشن آرڈیننس (تیسری ترمیم) کی منظوری دی ہے، یہ اہم آرڈیننس زیر التواءتھا، اس آرڈیننس کے تحت جن لوگوں نے 60 دن کے اندر اپنے عہدوں کا حلف نہیں اٹھایا، تو ان کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔ کابینہ نے اس آرڈیننس کو جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ ایسے تمام لوگ جنہوں نے اپنے عہدوں کا حلف نہیں اٹھایا، اس آرڈیننس کی منظوری کے بعد وہ اپنی نشست کھو دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان سے ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کا سلسلہ رکا ہے، جہاں تک پاکستان کے اندر ان کی کارروائی کا تعلق ہے، پاکستان کمزور ملک نہیں، ہم ان چیلنجوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔