اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ بچوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اچھی خوراک اور دیکھ بھال ان کا بنیادی حق ہے۔ جمعرات کواسلام آباد میں بچوں کے پیٹ میں کیڑوں کے خاتمے کے ہفتے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت صحت اور وزارت تعلیم کا بہت اچھا اقدام ہے کہ سکولوں میں جا کر بچوں کو کیڑوں کے خاتمے کی دوا اور آگاہی دی جارہی ہے، ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ یہ وزیراعظم عمران خان اور وزارت تعلیم کا بہترین اقدام ہے کہ ملک کے تمام بچوں کو یکساں تعلیمی نصاب مہیا کر دیا گیا ہے جس سے معاشرے میں تفریق کا عنصر کم ہوگا.تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ اکرم، سینیٹر فوزیہ ارشد اور مختلف وزارتوں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی اس موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔











