بڑے شہروں میں مستقبل کے مسائل پر قابو پانے کیلئے منصوبہ بندی کیساتھ ترقی کی اشد ضروری ہے؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

17

فیصل آباد،16اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے  کہ پاکستان کے بڑے شہروں میں مستقبل کے شہری مسائل پرقابو پانے کیلئے منصوبہ بندی  کیساتھ   ترقی کی اشد ضروری ہے۔ اسی لئے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) اس ابھرتے ہوئے شہر کے لیے ایک ماسٹر پلان تیار کر رہی ہے جس کی تکمیل کے بعد فیصل آباد وسطی پنجاب کا ایک ترقی یافتہ شہرشمار ہوگا۔

  ایف ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہروں میں آبادی کے بے تحاشہ اضافے نے شہری مسائل کو مزید پیچیدہ بنانے کے ساتھ ساتھ معیار زندگی کو بھی انتہائی گھمبیر کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے شہروں کی منصوبہ بندی   اور منظم ترقی کو یقینی بنانے کے لیے واضح ہدایت جاری کی ہے تاکہ آنے والی نسل کو صاف ستھرے اور مسائل سے پاک شہر دے سکیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو پاکستان کے اس تیسرے بڑے شہر کے ماسٹر پلان پر کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس شہر کے جنوبی ایشیا کے صنعتی اور اقتصادی مرکز کے طور پر ابھرنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شہر سے تعلق رکھنے والے سٹیک ہولڈرز اور ارکان اسمبلی کو ماسٹر پلان کی مشاورت میں ضرور شامل کرنا چاہیے تاکہ وہ اس شہر کی مزید ترقی کے لیے قابل عمل اور ٹھوس تجاویز دے سکیں۔

 قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے وزیر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماسٹر پلان 2021-41 فیصل آباد کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان اس شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گا جو پاکستان کا ٹیکسٹائل مانچسٹر ہے جبکہ اس منصوبے کی تکمیل سے اس ضلع کے رہائشیوں کو ان کی دہلیز پر زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ماسٹر پلان بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے اور اب اس منصوبے میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ اس کی فزیبلٹی کو حتمی شکل دینے کے لیے ممبر قومی اور صوبائی اسمبلیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر فیصل عظیم نے بتایا کہ آبادی کے تناسب  سے سڑکوں، گلیوں، بازاروں، پلوں، نئے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، کمیونٹی سینٹرز، ہسپتالوں اور پارکوں کی تعمیر پہلے سے ہی ماسٹر پلان کا حصہ ہے جبکہ اسے مزید جامع اور بے عیب بنانے کے لیے سٹیک ہولڈرز سے تجاویز بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

اجلاس میں چیئرمین ایف ڈی اے چودھری لطیف نذر، چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) میاں وارث عزیز، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محنت میاں شکیل شاہد، ایم پی اے چوہدری علی اختر، میاں نبیل ارشد، شیر افگن چیمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔