بیرون ملک پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں اہم حصہ ہے، شفاف انتخابات اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کوشاں ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

17

اسلام آباد۔24اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں اہم حصہ ہے، شفاف انتخابات اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کوشاں ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے آئی ووٹنگ پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کوئی ایسا الیکشن نہیں ہوا جس میں اپوزیشن شفاف طریقے سے جیتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ سابقہ نظام برقرار رہے، یہ 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے آئینی حق سے محروم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اپوزیشن کے اس رویئے کی مذمت کی ہے۔