تین سالوں میں انصاف، انسانیت اور خود داری پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا محور

19

اسلام آباد، 27اگست (اے پی پی ):  تین سالوں میں انصاف، انسانیت اور خود داری پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا محور رہا۔ وزیراعظم نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا گزشتہ دور حکومت سے موازنہ پیش کیا،2018 میں حسابات جاریہ کا خسارہ بیس ارب ڈالر تھا جواب کم ہوکر ایک ارب اسی کروڑ ڈالر رہ گیا ہے ،غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر ستائیس ارب ڈالر ہوگئے ہیں جو تین سال قبل سولہ ارب چالیس کروڑ ڈالر تھے۔ٹیکس وصولیاں  تین ہزار آٹھ سو ارب روپے سے بڑھ کر چار ہزار سات سو ارب روپے ہوگئیں ہیں ، ترسیلات زر انیس ارب نوے کروڑ ڈالر سے بڑھ کر انتیس ارب چالیس کروڑ ڈالر ہوگئیں ہیں ۔صنعت کی شرح نمو میں اٹھارہ فیصد جبکہ سیمنٹ کی فروخت میں بیالیس فیصد اضافہ ہوا، موٹر سائیکلز اور ٹریکٹرز کی فروخت میں ریکارڈ جبکہ گاڑیوں کی فروخت میں پچاسی فیصد اضافہ ہوا، پہلی بار کسانوں کو گیارہ سو ارب روپے کی اضافی آمدن ہوئی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔ پنجاب کے محکمہ انسداد بدعنوانی نے گزشتہ تین سال میں چار سو پچاس ارب روپے کی ریکوری کی جو موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے سے قبل محض ڈھائی ارب ڈالر تھی، نیب نے گزشتہ تین برس کے دوران 519 ارب روپے بازیاب کرائے ہیں، احساس پروگرام کے ذریعے  سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو110 ارب روپے سے 260 ارب روپے تک بڑھا دیاگیا ہے۔