ملتان، 21 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جلالپور پیر والہ ڈاکٹر جمشید اختر نے کہا ہے کہ جانوروں کی صحت اور پیداوار کے لیے پینے کا پانی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، جانوروں کو پانی کی چوبیس گھنٹے فراہمی بہت ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جلالپور پیر والہ ڈاکٹر جمشید اختر نے نواحی علاقے بہلی شریف میں مویشی پال افراد کی تربیت کرتے ہوے کیا۔انہوں نے سمجھایا کہ جانوروں کو ایک یا 2 دفعہ پانی پلانے سے مویشی اپنی ضرورت کے مطابق پانی پی نہیں سکتے جس سے ان کی اوجھڑی کی تیزابیت بڑھ جاتی ہے اور جانور بدہضمی اور دودھ میں کمی کے علاوہ اور دوسرے صحت کے مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ لوگ پانی پلانے پر توجہ نہیں دتیے جوکہ جانور پالنے میں بہت اہم ہے، ہر جانور کو 24 گھنٹے پانی کی فراہمی بہت ضروری ہے ۔
ڈاکٹر جمشید اختر نے کہا کہ اگر کسی مجبوری کے تحت جانوروں کو کھلے باڑے میں نہیں رکھ سکتے جہاں ہر وقت جانور کو پانی پینے کی سہولت میسر ہوتی ہے تو اس کا ایک حل ہے کہ کھرلی کو دو حصوں میں تقسیم کر لیں جو کہ بہت آسان ہے ایک حصہ میں پانی اور دوسرے میں چارہ ڈالیں خاص کر گرمیوں میں جانور کو بار بار پانی کی ضرورت ہوتی ہے مگر لوگ اس کو پیاسا رکھتے ہیں جبکہ جانورں کو بار بار پانی پلانا ممکن نہیں ہوتا اس لیے ضروری ہے کہ جانوروں کو ہر وقت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔