جن علاقوں سے تیل اور گیس کی دریافت ہوئی ہے وہاں پر ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ، حماد اظہر

48

اسلام آباد۔9اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن حماد اظہر نے کہا ہے کہ جن جن علاقوں سے تیل اور گیس کی دریافت ہوئی ہے وہاں پر ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ان علاقوں کو ترقی دی جائے گی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مولانا عبدالشکور کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ لکی مروت میں بڑی اچھی گیس کی ریکوری ہوئی ہے اگر وہاں پر  کوئی ماحولیاتی خطرہ پیدا ہوا ہے تو اس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہاں پر اگر کوئی نئی دریافت ہوئی ہے تو اس علاقے کی تعمیر و ترقی پر بھی توجہ دی جائے گی۔ مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پاور ڈویژن کی گزشتہ سال کی پرفارمنس بک شائع ہو چکی ہے۔ محکمانہ کارکردگی بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ڈسکوز کی نجکاری سمیت اصلاحات اور ری سٹرکچرنگ کی جارہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے مختلف علاقوں میں گیس کی پائپ لائنیں بچھا دی ہیں مگر گیس نہیں تھی اور اب لوگ گیس فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب حکومت نے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کنکشن دینے شروع کئے ہیں۔