حسینؓ رب کے اور حسینؓ سب کے ہیں ؛ سردار سنتوک سنگھ

21

اٹک، 19اگست (اے پی پی): پرائم منسٹر ٹاسک فورس کے ممبر سردار سنتوک سنگھ نے کہا ہے کہ حسینؓ رب کے اور حسینؓ سب کے ہیں،امام حسین علیہ السلام نے مذہب کیلئے نہیں انسانیت کیلئے قربانی دی ہے، یہ شہادتیں اور پیامبر ہمارے سانجھے ہیں، ہمارے گرو صاحب نے بھی امام حسین علیہ السلام کی طرح انسانیت کیلئے قربانی دی  اسی لئے پشاور سے لاہور تک ہم یوم عاشور پر دودھ اور شربت کی سبیلیں لگا کر یہ دن مناتے ہیں، اٹک میں  صوبائی وزیر سید یاور بخاری کی محبت میں ان کے ساتھ یہ دن منا کر اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔

 وہ یوم عاشور کے موقع پر عزاداران حسینؓ کے نکالے گئے جلوس کے راستے پر سبیل لگانے کے موقع پر صوبائی وزیر یاور بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ممبر پی ایم ٹاسک فورس نے   کہا کہ جب بھی کسی بھی مذہب کے ایسے تہوار ہوں جیسے 12ربیع الاول، بیساکھی، کرسمس، بیساکھی یا کوئی بھی کسی بھی مذہب کا دن ہو ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں تاکہ پاکستان میں بھائی چارہ اورامن کی فضاء قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ غازی اور شہیدوں کے ضلع اٹک سے ہم بین المذاہب ہم آہنگی کا مشن پوری دنیا تک پہنچانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے آج یاور بخاری کے ساتھ کھڑے ہو کر یہ دن منا رہے ہیں۔

 اس موقع پر عیسائی رہنما پادری لوئیس نے صوبائی وزیر یاور بخاری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ہر غمی خوشی میں شامل ہوتے ہیں تو ہم بھی آج ان کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں شریک ہیں اور ہمارایہ پیغام، پاکستان میں پر امن فضا اور بھائی چارے کیلئے ہے۔

سید عمران بخاری اور نثار علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔