سیالکوٹ28،اگست (اے پی پی ): سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نور الامین مینگل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیالکوٹ میں17ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، واٹر سپلائی ، سالٹ ویسٹ مینجمنٹ ، ٹریفک مینجمنٹ اور پارکس کی اپ گریڈیشن کے متعددمنصوبوں پر کام جاری ہے ، زیر تکمیل منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے 30اگست سے ڈے اینڈ نائٹ شفٹوں میں کنٹریکشن شروع کی جائے گی اور مقررہ مدت سے پہلے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں کے افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار بھی اجلاس میں شریک تھے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ میں ڈپٹی کمشنر بطور ڈسٹرکٹ مینیجر ٹیم کو لیڈ کریں گے اس سلسلہ میں میری اور پراجیکٹ ڈائریکٹرکی ان کو بھرپور سپورٹ حاصل ہوگی ، نیسپاک ، پیسپ اور تعمیراتی فرم ، ڈپٹی کمشنر سے رہنمائی لینے کے پابند ہونگے جس سے منصوبوں کی تکمیل میں مسائل میں کمی ہوگی اوران کے ڈیزائن سمیت دیگر مسائل کا موقع پر ازالہ ممکن ہوگا اور ایک ٹیم کی صورت میں کام کرنے سے منصوبہ اپنا مقررہ ٹائم لائن سے قبل مکمل ہوگا جس سے عوام الناس کو معیاری میونسپل سہولیات میسر آئیں گی ۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نور الامین مینگل نے پیسپ کے جاری و مجوزہ منصوبوں کے متعلقہ شکایات اور تحفظات کے ازالہ کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی انجینئر خاور انور خواجہ ، چیف انجینئر پیسپ اور ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ممبر ہونگے ۔ یہ کمیٹی پیسپ کے ساتھ ملکر آئندہ ایک ہفتہ میں تمام منصوبوں کا تکنیکی جائزہ لے گی اور آئندہ اجلاس میں ان کو رپورٹ پیش کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ ہر ماہ کے پہلے ہفتہ سیالکوٹ میں آکر میٹنگ کرینگے اور منصوبے پر عملی پیش رفت کا جائزہ لیں گے ۔
نور الامین مینگل نے کہاکہ نائٹ شفٹ کی آغاز سے ٹریفک کے مسائل کم ہونگے اور کام کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اجلاس میں شریک نیسپاک کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کو ڈیزائن اور معیار کے مطابق تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے نیسپاک ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی مشاورت سے سپروائزری اور انسپکٹنگ سٹاف میں اضافہ کرے تا کہ منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جاسکے ۔
صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اورپراجیکٹ ڈائریکٹر پیسپ عمر جہانگیر بھی اجلاس میں شریک تھے ۔