خوشاب،یکم اگست(اے پی پی): طوفانی بارشوں کے بعد خوشاب کے دامن مہاڑ کے دیہاتوں ناڑی ، چنکی ڈھوکڑی ملوال کٹھہ اور نواحی ڈہرہ جات زیر آب آگئے ہیں ۔ ان علاقوں میں ہونے والی تیز اور موسلا دھار بارشوں نے اور اس کے نتیجہ میں آنے والے پہاڑی نالوں اور سیلابی بارشی پانی نے ان دیہات کی زندگی کو درھم برھم کر کے رکھ دیا ہے، کئی رابطہ سڑکوں اور پلیوں اور کھڑی فصلات اور سبزیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ آبی گزر گاہوں پر بنی پلیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ڈیرہ جات پر بنے کچے مکانوں کے گرنے اور پانی کے کھڑے رہنے سے مویشیوں میں بیماریاں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔
علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ ان کے مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیئے فوری طورپر اقدامات کئے جائیں اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی رابطہ سڑکوں کی دوبارہ تعمیرومرمت اور بحالی کی جائے۔