خیرپور،11اگست (اے پی پی): محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کورونا سے بچاؤ کے لیے کام کرنے پر حکومت کی جانب سے تعریفی اسناد دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے خیر پور کے ایک مقامی ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد حسین ابڑو تھے۔ تقریب میں خیرپور ضلع کی آٹھ تحصیلوں کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف، سماجی راہنماؤں اورشہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب میں محکمہ صحت کے جو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا سے بچاؤ کے لیے کام کر رہے ہیں اور وہ اسٹاف جو دیہاتوں میں جاکرلوگوں کی ویکسین کر رہے ہے، ان کے لئے حکومت نے تعریفی اسناد دی ہیں۔ اس تقریب میں ملک کے نامور ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی جس میں پروفیسر خوشی محمد ڈاکٹر نواب مہیسر، ڈاکٹر ظفر جتوئی، ڈاکٹر اقبال ،ڈاکٹر آللہ ورایو پنھیار، ڈاکٹر فرحان مصطفی شامل تھے۔
اس تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد حسین ابڑو نے فلاحی تنظیم ایم ایچ فاؤنڈیشن کے بانی فرحان مصطفی کی خدمات کو سراہا اور اپنی طرف سے ایک ایمبولینس تحفہ میں دی اور چابی ان کے حوالے کی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خیرپور محمد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے خیرپور ضلع کی آٹھ تحصیلوں کے ساٹھ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کورونا کے لیے کام کرنے والوں کو ان کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے تعریفی اسناد دی ہیں۔ فرمان مصطفی کو ایک ایمبولینس دی ہے کیونکہ فرحان مصطفی نے سندھ اور پنجاب میں بھی فری میڈیکل سروس اور فری ایمبولینس سروس شروع کی ہوئی ہے، وہ غریبوں کے لئے بہت کام کر رہے ہیں، ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کو ہم نے یہ ایمبولینس دی ہے۔