سکھر،17اگست(اے پی پی):ایس ایس پی ظفر اقبال ملک نے 8 محرم الحرام کے سلسلہ میں پولیس ہیڈ کوارٹر میں پولیس افسران اور جوانوں کا رول کال کیا،ایس ایس پی کے احکامات پر 8 محرم الحرام کے سلسلہ میں سٹی سمیت ضلع بھر میں ہونے والی تمام مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے لیے بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ظفر اقبال ملک نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع بھر میں ہونے والی تمام مجالس امام بارگاہوں، اور کھلے مقامات پر مجالس کی سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جائے، مجالس میں داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں اور کہا کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور سختی سے جامع تلاشی لینے کے احکامات بھی جاری کیئے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ خواتین کی چیکنگ کے لئے مزید لیڈیز پولیس کو بھی تعینات کیا جائے ، ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ پوائنٹس لگائے جائیں، خیرپور سٹی سمیت ضلع کے مختلف مقامات پر مجالس میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگائے جائیں۔