اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی): ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا جاوید اقبال نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داسو واقعہ کے حوالے سے پورے علاقے کی جیو فنسنگ کی گئی،سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس واقعہ میں ملوث سپورٹ نیٹ ورک کی گرفتاریاں عمل میں آ چکی ہیں جبکہ حملے میں سو سے ایک سو بیس کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا جاوید اقبال نے کہا کہ داسو حملے میں ملوث سپورٹ نیٹ ورک کی گرفتاریاں عمل میں آ چکی ہیں،ہمارے اداروں، ایجنسیوں نے دن رات کام کر کے ان تحقیقات کو نتیجہ خیز بنایا۔انہوں نے کہا کہ حملے کیلئے جو گاڑی استعمال کی گئی وہ افغانستان سے چمن کے راستے سے داخل ہوئی اور پھر مختلف رارستوں سے ہوتی ہوئی سوات اور پھر وہاں پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد نیٹ ورک کو ہم گرفتار کر چکے ہیں اور نیٹ ورک کے سرغنے معاویہ اور خالد شیخ افغانستان میں موجود ہیں ،انکی گرفتاری کیلئے متعلقہ چینل کے ذریعے رابطے میں ہیں۔











