دبئی ایکسپو کے ذریعے دنیا کو بلوچستان میں کوسٹل اور مائننگ ایریاز میں موجود مواقعوں سے روشناس کرایا جائے؛ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان

12

کوئٹہ، 25 اگست (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا  ہے کہ دبئی میں ہونے والے بین الاقوامی ایکسپو جیسے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، دنیا کو بلوچستان میں کوسٹل اور مائننگ ایریاز میں موجود مواقعوں سے روشناس کرایا جائے اور ایکسپو میں بلوچستان کے کلچر، قدیم ورثہ، فوڈ اور سیاحتی مقامات کو بھرپور انداز میں نمائش کیلئے پیش کیا جائے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے   دبئی میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ایکسپو کی تیاری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ ایکسپو میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سمیت سیاحت کے فروغ کے مواقع سے روشناس کرایاجائے اور دبئی ایکسپو میں شرکت کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان اور خاص طور سے بلوچستان کا سافٹ امیج پیش کرنا ہے۔

اجلاس کو دبئی ایکسپو میں حصہ لینے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ دبئی میں بین الاقوامی ایکسپو 3 اکتوبر سے شروع ہونے جا رہا ہے، ایکسپو میں مختلف تھیمز ترتیب دیئے گئے ہیں جس میں کلائمٹ، اسپیس، اربن اینڈ رورل ڈیویلپمنٹ، ایگریکلچر، واٹر، گلوبل گولز، ٹورزم، کلچر پرموشن سمیت دیگر شوکیسنگ ایونٹس شامل ہیں جبکہ دبئی ایکسپو میں تقریباً اڑھائی کروڑ وزیٹرز کی آمد متوقع ہے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، مختلف محکموں کے سیکریٹریز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔