کراچی،28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں انتظامی خلا کو نظرانداز کیا گیا تو بحرانی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے ، دنیا افغانستان کے عوام کو تنہا نہ چھوڑے، انتظامی اور معاشی طور پر افغانستان کو مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ افغانستان کے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں،انخلا کے عمل میں پاکستان کی کاوشوں کی پوری دنیا معترف ہے ،جن ممالک نے پی آئی اے پر پابندی لگائی وہ افغانستان سے اپنے شہریوں کے انخلاء کیلئے پی آئی سے درخواست کررہے ہیں،فیصلے طاقت کے بجائے عقلمندی سے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت انخلا اہم مسئلہ ہے لیکن افغانستان میں انخلا سے بڑا مسئلہ انتظامی خلا ہے،افغانستان میں اس خلا کو نظرانداز کیا گیا تو بحرانی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا درپیش خطرات کو محسوس کرے،پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے پہلے ہی اپنے خدشات ظاہر کیے تھے،وزیراعظم عمران خان جو بات کر رہے تھے وہ حرف بہ حرف سچ ثابت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اگر دنیا پاکستان کے مشورے پرعمل کرتی تو آج صورتحال بہتر ہوتی اور اگر آج بھی پاکستان کے مشورے پرعمل کیا جائے تو کل صورتحال بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے،دنیا بھر کے ممالک ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہو گا۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ دنیا کو افغانستان کے بحیثیت ملک ناکام ہونے کا انتظار نہیں کرنا چاہئے،افغانستان میں حکومت بنانا افغان عوام کا کام ہے، افغانستان میں جامع حکومت بننی چاہئے ،افغانستان میں حکومت سازی کے حوالے سے طالبان کے بیانات حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے موجودہ حکام کے ساتھ بات چیت کی ضرورت ہے، دنیا سماجی و معاشی ترقی اور گورننس میں افغانستان کی مدد کرے ۔











