رحیم یار خان کے علاقہ بھونگ شریف میں مشتعل افراد کے ہاتھوں توڑ پھوڑ سے متاثرہ مندر بحال

31

رحیم یار خان،11اگست  (اے پی پی): پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمارنے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر بدھ کو   ضلع رحیم یار خان کے علاقہ بھونگ شریف میں متاثرہ مندرکی بحالی کے بعدقومی پرچم لہر ا کر اور مذہبی رسومات ادا کرکے  اس کا افتتاح کردیا ،مشتعل افراد کے ہاتھوں توڑ پھوڑ سے متاثر ہونے والے مندر کی تزئین و آرائش اور بحالی کےحوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر رمیش کمارنے  نے   فیتہ کاٹا اور مندر میں پوجا کی، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے  ہوئے ڈاکٹر رمیش کمارنے کہاکہ پاکستان میں کل بھی اقلیتوں کو حقوق حاصل تھے اور آج بھی مکمل حقوق حاصل ہیں ، رحیم یار خان میں مشتعل افراد کے ہاتھوں مندر کی توڑ پھوڑ کا افسوسناک واقعہ قابل مذمت ہے تاہم  بحیثیت ذمہ دار ریاست پاکستان نے ریاستی ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کرتے ہوئے متاثرہ مندر کی بحالی کاکام  فوری شروع کروایا اور اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پراس مندر کو مکمل طور پر بحال بھی کردیاگیا ہے ۔

 ڈاکٹر رمیش کمارنے کہاکہ رحیم یار خان واقعہ  افسوسناک ہے تاہم ریاستی ذمہ داری کے طور پر  وزیراعظم عمران خان  اور  چیف جسٹس آف پاکستان  نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مندر کی بحالی کے احکامات جاری کیئے اس سے ثابت ہوتا ہے ریاست پاکستان کل بھی اقلیتوں  کے ساتھ تھی ،آج بھی ہے اور آئندہ بھی ساتھ رہے گی۔

ڈاکٹر رمیش کمارنے کہاکہ پاکستان کے آئین میں اقلیت کا ذکر نہیں بلکہ یہ لکھا ہے کہ پاکستان میں غیر مسلموں کو مساوی حقوق حاصل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دھرتی ہماری ماں ہے اور دھرتی ماں کی عزت و احترام ہم سب پر لازم ہے ۔انہوں نے کہاکہ رحیم یار خان گنیش مندر کے واقعہ کے حوالے سے پڑوسی ملک میں منفی پروپیگنڈا کیا گیا تاہم جس طرح چیف جسٹس اور وزیراعظم نے اس کا نوٹس لیا اور بحالی کے احکامات دیئے وہ بے مثال ہے ۔ڈاکٹر رمیش کمارنے کہاکہ پیغبر اسلام ﷺنے بھی صبر وتحمل کا درس دیا اور اسلامی تعلیمات بھی احترام کا درس دیتی ہیں ۔رب کو پانے کا ایک ہی راستہ ہے کہ دل صاف ہو  ۔اگر کسی کم سن بچے سے غلطی سرزد ہوئی تو اسے سمجھانے کی ضرورت ہے ۔