نارووال، 26 اگست(اے پی پی): ریسکیو 1122 نارووال کے جوانوں نے گاؤں بالیکے میں 60 فٹ گہرے اور تقریباً 1 فٹ 6 انچ چوڑے بور سے زندہ بکرا نکال لیا۔ ریسکیو 1122کنٹرول روم میں کال موصول ہوئی کہ گاؤں بالیکے نزد ڈونگیاں میں ایک بکرا گہرے بور کے اندر گر گیا ہے، کال موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 ٹیم فوراً گاؤں بالیکے پہنچی، ریسکیو 1122نارووال کی سپیشل ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت سے 60 فٹ گہرے اور تقریباً 1 فٹ،6 انچ چوڑے ٹربائن کے بور سے تقریباً 2 گھنٹہ 45 منٹ کےکا میاب ریسکیو آپریشن کے بعد بکرے کو بحفاظت زندہ نکال کر مالکان کے حوالے کر دیا۔
مقامی لوگوں نے ریسکیو 1122 کے جوانوں کے کام کو بہت زیادہ سراہا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ریسکیو1122 ہی ایک ایسا ادارہ ہے جو 1کال پر لوگوں کی مدد کے لئے بر وقت پہنچ جاتے ہیں۔ کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد لوگوں نے ریسکیو 1122 زندہ باد کے نعرے لگائے، ان کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 ہی ایک ایسا ادارہ ہے جو بغیر کسی رنگ ونسل اور تفریق کے ہر کسی کے ساتھ(انسانوں، جانوروں اور پرندوں) حسن سلوک سے پیش آتے ہیں۔.
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر عدنان نواز نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر(ستارہ امتیاز) کی قیادت میں ریسکیو 1122 نارووال کے جوان ہر قسم کی ایمرجنسیز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ ریسکیو1122 کا ادارہ عوام کا ادارہ ہے اور ہم ڈی جی کی قیادت میں عوام کی فلاح کے لئے کام جاری رکھیں گے۔