بہاولنگر،20اگست (اے پی پی ):صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ سانحہ بہاولنگر کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس سانحہ میں ملوث تمام افراد کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ اس افسوسناک واقعہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ افراد و لواحقین سے بھرپو ریکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو دس ،دس لاکھ روپے، شدید زخمی افراد کو پانچ، پانچ لاکھ روپے جبکہ دیگر زخمی افراد کو ایک، ایک لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ بہاول نگر کے مقام پر عزاداران او زخمیوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔ وزیرزکوٰۃ و عشر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ دھماکہ میں ملوث ملزم کو موقع پرہی گرفتار کر لیا گیا ہے اور عزاداران کی جانب سے سانحہ کی ایف آئی آر درج کر کے کارروائی کا آغازبھی کیا جا چکا ہے۔
شوکت علی لالیکا نے کہا کہ اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی انکوائری بھی کی جائے گی تاکہ اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات میں کوتاہی پر متعلقہ ڈی ایس پی انسپکٹراور دیگر پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے،اس سانحہ میں بیرونی ہاتھ کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ظفر اقبال اعوان، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شفقت اللہ مشتاق اور دیگر انتظامی و پولیس افسران موجود تھے۔