سردار عبدالقیوم خان نیازی آزاد کشمیر کے 13ویں وزیر اعظم منتخب ہو گئے

23

اسلام آباد۔4اگست  (اے پی پی):آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی  آزاد کشمیر کے 13ویں وزیراعظم ہیں جو بدھ کو 33 ارکان قانون ساز اسمبلی کے ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہو گئے۔ سردار تنویر الیاس نے  بطور سینئر وزیرحلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب بدھ کے روز ایوان صدر مظفر آباد میں منعقد ہوئی۔صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے حلف لیا۔ نو منتخب وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے الگ الگ حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے بھی شرکت کی سپیکرآزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، ڈپٹی سپیکر ریاض احمد کی بھی تقریب میں شرکت۔

اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ ہم آزادکشمیر میں رول آف لاء کی عملداری یقینی بنائیں گے،  کرپشن سے پاک ریاست ہمارا مشن ہوگا۔پاکستان جیسے احتساب کے نظام کوآزادکشمیر میں بھی رائج کریں گے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، ان کی کابینہ بالخصوص وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے مجھ جیسے سیاسی کارکن پر اعتماد کیا اور مجھے وزارت عظمیٰ کے لیے منتخب کیا۔