سعودی عرب ، 14 اگست (اے پی پی ): دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی پاکستانیوں نے پاکستان کا 75 واں یوم آزادی نہایت جوش و خروش سے منایا ، دن کاآغاز سفیر پاکستان لیفٹیٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سفارت خانہ میں قومی ترانے کی دھن میں سبز ہلالی پرچم کی کشائی سے کیا، جبکہ جدہ میں ایک مختصر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔
سفیر پاکستان بلال اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم پاکستان کا دن تجدید عہد کا دن ہے، ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہمیں ملکر ملکی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ تقریب میں صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
یوم آزادی کے حوالے سے ایک آن لائن تقریب سعودی شہر دمام میں پاکستان فورم نے منعقد کی جس کے مہمان خصوصی پاکستان کے نامور شاعرپروفیسر انور مسعود تھے جنہوں نے تقریب میں قائد اعظم کی یادین، اور اپنے مزاحیہ اشعار پیش کئے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے والد کے کاندھے پر بیٹھ کر قائد اعظم کو دیکھا۔ تقریب میں سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونیٹی کے کیلئے سفارت خانہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔
تقریب میں فورم کے چیئرمین سردار اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم نے ہمیں اتحاد کا سبق دیا ہے جس پر ہم کام کرنا چاہتے ہیں۔
جدہ، ریاض، مکہ المکرمہ،مدینہ المنوریٰ میں پاکستان تحریک انصاف نے تقاریب منعقد کیں جس کی مہمان خصوصی قونصلر فوزیہ فیاض تھیں جبکہ دیگر مہمانوں میں عاصمہ صغیراور سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی نوشین وسیم شامل تھیں۔
جدہ میں سب بڑی تقریب تحریک انصاف کی منتخب تنظیم نے منعقد کی جسکے مہمان صوصی مرکزی رہنماء عقیل آرائیں تھے تقریب سے محمد عمر، اور خواجہ حماد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم نعمت ہے، ہمیں ملکر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہوگا جبکہ پاکستان کی تمام اکائیوں اور طبقات کو 1947 کی طرز پر یکجان ہونا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ۔
اس کے علاوہ تقریب میں پاکستانی بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے اور قومی نغمے گا کر تقاریب کا رنگ دوبالا کیا۔
پی ٹی آئی مکہ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں دمام، ریاض، مدینہ اور جدہ کے پی ٹی آئی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔