لاہور۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہ ہندوستان بیس برس تک پاکستان میں افغانستان کے راستے بد امنی پھیلانے کے مذموم ایجنڈے پر کاربند رہا مگر آخرکار اسے منہ کی کھانی ہی پڑی، سفارتی سطح پر اب ہندوستان کی حالت کھسیانی بلی کھمبا نوچے والی ہو چکی۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی امن کے جذبے پر مبنی گفتگو باعث اطمینان ہے ،پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ عزم ہے کہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، پاکستان کے اندرونی اور سیاسی حالات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور وزیر اعظم عمران خان کو تین سالہ حکومتی کارکردگی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں ،اس وقت پاکستان مستحکم اور خطے میں مزید اہمیت اختیار کرنے والا ہے جبکہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش اور اپوزیشن بکھر چکی ہے، اپوزیشن کو چاہئیے کہ ذاتیات سے اوپر اٹھ کر قومی فرائض ادا کرنے کی طرف توجہ دے اور حکومت کے ساتھ تعاون کرکے ملک کو مضبوط بنائے۔