لاہور، 21 اگست (اے پی پی): اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف بنا رہی ہے ،سندھ میں وفاق کے منصوبے آ رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کچھ نہیں کر رہی ،ہمارے منصوبے غریب لوگوں کے دل کے قریب ہیں ،ہم سندھ کے لوگوں کو پیپلز پارٹی سے نجات دلائیں گے، سندھ میں پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ ترقی کرپشن میں کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر اعجاز چوہدری کے ہمراہ یہاں ہفتہ کے روز مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ سے پنجاب بہت بہتر ہے ،سندھ حکومت پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کچھ نہیں کر رہی ،سکھر موٹروے آٹھ مہینوں سے بننے جا رہی ہے لیکن بن نہ سکی،وفاق میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر ہم سندھ میں حکومت بنائیں گے ،ہمارے منصوبے غریب لوگوں کے دل کے قریب ہیں ،ہم سندھ کے لوگوں کو ان ڈاکووں سے نجات دلائیں گے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ پولیس کو مجھ سے بڑی محبت ہے ،مجھ پر پانچ حملے ہو چکے ہیں ،انہوں نے اخلاقی طور پر سیاست کو گندہ کر دیا ہے ،یہ میری جان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ،مجھے انہوں نے سندھ کا سب سے بڑا دہشتگرد بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک مشین سے اندرون سندھ سے دھاندلی ختم ہو جائے گی۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پچھلے دنوں سات سیٹوں والے کہہ رہے تھے کہ پنجاب میں حکومت بنانے آ رہے ہیں ،پنجاب کے دوست ہوشیار ہو جائیں،انہوں نے پچھلے تیرہ سالوں میں 14 سو ارب کی کرپشن کی ہے ،یہ اعداد و شمار آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں ہے ، اس پیسے کو یہ لوگ کہیں بھی استعمال کر سکتے ہیں ، آ زادکشمیر کے انتخابات میں بھی انہوں نے بے دریغ پیسہ بہایا،بلاول سمجھتے ہیں کہ یہ کرپشن کے پیسے سے کہیں بھی جا سکتے ہیں ۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ لاڑکانہ کتوں کے کاٹنے میں سب سے آگے تھا جبکہ یہ شہر ایڈز کی بیماری میں بھی سب سے آگے ہے ، بلاول کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پہلے بھی اپنی سی وی لے کر امریکہ گئے تھے ،ان کے دور حکومت میں تین سو سے زائد ڈرون حملے ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج افغانستان افغانیوں کے ہاتھوں میں چلا گیا،افغانستان پر قبضہ کرانے میں زرداری فیملی کا نام سرفہرست ہے ،ان لوگوں کی وجہ سے پاکستان انتہائی مشکلات کا شکار ہوا،پیپلز پارٹی نے پچاس سال مختلف ادوار میں حکومت کی ہے ،پھر تیس سال ن لیگ اور بعد میں تحریکِ انصاف کے تین سال، سب کا موازنہ کریں تو حقیقت سب کے سامنے عیاں ہو گی ،آج پنجاب سب سے زیادہ ترقی کر رہا ہے ،سندھ حکومت کہتی ہے ہمیں پیسے دے دو،سندھ کے لوگ ہیلتھ کارڈ سے محروم ہیں ،سندھ کے بچے سکول نہیں جا رہے ،پیپلز پارٹی کے جلسے ہو رہے ہیں وہاں کورونا نہیں ہوتا۔