سکھر: یاحسینؑ کی صداوں میں تاریخی مسجد کے نام سے منسوب ماتمی جلوس برآمد ، سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ جاری

45

سکھر،14اگست(اے پی پی ): پرانہ سکھر میں حضرت امام حسینؑ اور ان کے دیگر رفقاءکار کی کربلا کے میدان میں دی گئی قربانی کی یاد میں تاریخی مسجد کے نام  سے منسوب ماتمی جلوس برآمد کیا گیا ۔ پرانہ سکھر کے علاقے لال مکان سے نکالا گیا یہ ماتمی جلوس شہر کے دیگر علاقوں سے ہوتا ہوا رات دیر گئے پیر ڈتل شاہ کے قبرستان میں اختتام پذیر ہواگا۔

ماتمی جلوس کے موقع پر پرانہ سکھر کی سڑکیں،گلیاں اور محلے سیاہ کپڑوں میں ملبوس عزاداروں سے بھری پڑی تھی اور ہرطرف سے یاحسین کی صدائیں گونج رہی تھیں۔

 ماتمی جلوس میں روہڑی،سکھر،خیرپور سمیت اندرون سندھ کے دیگر شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں عزادارن نے شرکت کر کے سینہ زنی،زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کی عزاداروں کو ماتمی جلوس کے دوران فوری طبی امداد کےلیے شہری دفاع سمیت سیاسی وسماجی تنظیموں اور اسکاوٹس گروپس کی جانب سے جگہ جگہ طبی امدادی کیمپ لگائے گئے تھے جبکہ شہر میں جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی اور لنگر ونیاز کا سلسلہ بھی جاری رہا ہے۔ماتمی جلوس میں مسجد کے تاریخی تعزیے کے علاوہ دیگر تعزیئے الم پاک اور ذوالجناح بھی شامل تھے ۔

سکھر انتظامیہ کی جانب سے ماتمی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے  ہیں ،  شہر کے راستوں اور گلیوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے سیل کردیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ماتمی جلوس کی نگرانی کی گئی  جبکہ پولیس اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے تھے تاہم ماتمی جلوس کے دوران اس وقت تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔