سیالکوٹ؛ یوم عاشورہ پر مرکزی جلوس امام بارگاہ دربتول اڈہ پسروریاں اور قدیمی جلوس امام بارگاہ مستری محمد عبداللہ سے برآمد

45

سیالکوٹ ، 19 اگست ( اے پی پی ):یوم عاشورہ پر  مرکزی جلوس امام بارگاہ دربتول اڈہ پسروریاں اور قدیمی جلوس امام بارگاہ مستری محمد عبداللہ  سے برآمد ہو  گیا ہے ،جلوسوں میں اعزاداروں کی بڑی تعداد جن میں بچے بڑے جوان شامل  ہیں ،شرکت کر رہے ہیں۔

جلوسوں کے داخلی وخارجی راستوں کو خاردار تاروں کی مدد سے بند کیا گیا ہے اور تلاشی کے بعد جلوس میں داخل ہونے کی اجازت دی  جارہی ہے ۔ مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں اڈہ پسروریاں،اقبال روڈ ،دو دروازہ ،بازار کھٹیکاں  سے ہوتا ہوا چوک شہیداں پہنچے گا ۔ ڈھائی بجے دوپہر  چوک شہیداں میں علامہ عابد علی عابد فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام بیان کریں گے۔

 چوک شہیداں سے یوم عاشور کا مرکزی جلوس بازار کلاں، لہائی بازار چوک ،گڑ منڈی ،جندر بازار سے ہوتا ہوا بہلول دانا پہنچے گا۔ دسویں محرم کا مرکزی جلوس بہلول دانا،کشمیری محلہ سے ہوتا ہوا نماز مغربین کے قریب چوک اڈہ پسروریاں سے امام بارگاہ دربتول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے اختتام پر امام بارگاہ دربتول اڈہ پسروریاں میں مجلس شام غریباں ہوگی۔ یوم عاشور کا قدیمی جلوس  امام بارگاہ مستری محمد عبداللہ  مہاراجہ روڈ، بوچڑ خانہ سے ھوتا ھوا بیری والا چوک پہنچے گا جہاں علامہ امجد جوھری فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام بیان کریں گے۔

 جلوس راجہ بازار ،سخی اعتبار شاہ ،دودروازہ سے ہوتا ہوا ایک  بجے دوپہر بازار کلاں پہنچے گا جہاں نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔دسویں محرم کاقدیمی جلوس بازار کلاں سے ہوتا ہوا لہائی بازار، گندم منڈی ،جندر بازار ،چوک امام صاحب سے ہوتا ہوا نماز مغربین کے بعد چوک  امام صاحب میں پروفیسر غلام حسین کی رھائش گاہ پہنچ کر ا ختتام پزیر ہوگا،جلوس کے اختتام پر مجلس شام غریباں ہوگی۔

 مرکزی اور قدیمی جلوسوں کی نگرانی کے لئے 74 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔کیمروں کی مانیٹرنگ ڈی پی او کنٹرول اینڈ کمانڈ روم سے کی جا رہی ہے۔ضلع بھر میں 87 چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے ہیں جن کے لئے 2000 سے زائد پولیس اہلکار،ایلیٹ فورس کے جوان اور پولیس افسران اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔