اسلام آباد،17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ الیکشن کو بامعنی اور ایک ایسا الیکشن بنانا چاہتے ہیں جس پر تمام لوگوں کا اعتماد ہو، اس میں ای وی ایم کا استعمال بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جلد از جلد قانونی مراحل طے کر کے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کو لانا ضروری ہے، ہم آئندہ پندرہ دنوں میں فیصلہ کن اقدامات کرنے جا رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کو بھی اس پر حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ایک ڈیمو بھی پیش کیا ہے۔