ملتان 27 آگست (اے پی پی ):شہریوں کو بروقت سہولیات دینے کے لئے یہ ضروری ہے کہ ایم ڈی اے کے تمام ڈائریکٹوریٹ اپنے کام کی سپیڈ بڑھائیں۔ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے دئیے گئے ٹائم ٹیبل کو شارٹ کیا جائے۔ نقشہ پاس کرنے کے پراسیس کو قلیل مدتی اور آسان بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے ڈائریکٹرز اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں ہر شعبہ کو علیحدہ ڈائریکٹوریٹ کی ضرورت ہے۔ علیحدہ ڈائریکٹو ریٹ تشکیل دینے سے ہی کام کی رفتار تیز ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ ہیومن ریسورس کی کمی بھی واضح ہو جائے گی۔ جس کو ضرورت کے مطابق پورا کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ E خدمت سنٹر پر ٹاؤن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ سے نقشہ جات کے ایکسپرٹ آرکیٹکٹ سٹاف کی تعیناتی کی جائے۔ تاکہ E خدمت سنٹر پر موصول ہونے والے نقشہ جات کو منظوری کے پراسس میں ڈال کر 24 گھنٹے کے دورانیے میں مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں انفورسمنٹ سیل کو بھی ڈائریکٹو ریٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ون ونڈو سیل اور شعبہ آئی ٹی کو ایک ہی ڈائریکٹو ریٹ کے ماتحت کر کے تمام ڈائریکٹوریٹس کے ساتھ لنک کیا جائے۔ تاکہ ون ونڈو کے ذریعے جمع ہونے والی درخواست کو تمام ڈائریکٹوریٹس اپنے اپنے ڈیش بورڈ پر دیکھ سکیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شاکر عباس بزدار،ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ ٹرانسپوٹیشن چوہدری محمد اصغر،ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ راؤ ذکا الرحمن، ڈائریکٹر انجینئرنگ غلام نبی، ڈائریکٹر اربن پلاننگ خواجہ وقاص و دیگر آفیسران شریک تھے۔