شہر میں ایم ڈی اے کی رٹ قائم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے؛ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم

26

ملتان، 28 اگست (اے   پی پی ): ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے کہ شہر میں ایم ڈی اے کی رٹ قائم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس معاملے میں کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے ڈائریکٹر ز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔  ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ ایم ڈی اے طاہر شاہ نے  فاطمہ جناح ٹاؤن کے ترقیاتی کاموں بارے بریفنگ  دی ۔  انہوں نے  بتایا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں تر قیاتی کام کافی حد تک مکمل کر لئے گئے ہیں،اس کالونی میں ایم ڈی اے کو لیگل کیسسز میں بہت  زیادہ پیچیدگیوں کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے فاطمہ جناح کے ترقیاتی کا م متاثر ہوئے ہیں، فاطمہ جناح ٹاؤن میں ایک جامعہ مسجد ایم ڈی اے خود بنا رہا  ہے جس کا  95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن ایم ڈی اے کا بڑا پراجیکٹ ہے اس کی آباد کاری کیلئے فوری اقدامات کر رہے ہیں،شہر میں قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کو قطعاً برداشت نہیں کریں گے، ایم ڈی اے کی  بقاء کے لئے کسی قسم کا پریشر برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام تر غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیہ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل ارسلان ظفر کو ہدایت کی کے ایم ڈی اے کے تمام تر لیگل کیسز کو فوری طور پر ختم کرنے کے  ان کے جوابات تیار کئے جائیں۔ ایم ڈی اے کی ورکنگ میں لیگل ونگ کا اہم کردار ہے ایم ڈی اے کے تمام لیگل کیسسز کی پیروی کے لئے لیگل ایڈوایزرز  کی حاضری کو یقینی بنائیں اور ان کیسسز کے بارے میں عدالتی پیشی سے ایک دن قبل ڈائریکٹر جنرل کو بریف کیا جائے۔ انہوں نے ایکسین رانا وسیم کو ہدایت کی کہ فاطمہ جناح ٹاؤن کی جامعہ مسجد کا تعمیراتی کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ طاہر شاہ کو ہدایت کی کہ  فاطمہ جناح ٹاؤن میں گرلز اور بوائز کالج کیلئے مختص کئے گئے 47کنال رقبہ کے پلاٹ پر اور پرائمری اور ہائی سکولو ں کیلئے مختص کئے گئے تقریباً 48کنال رقبہ پر تعمیرات کے  لئے گورنمنٹ اور پرائیویٹ اداروں سے رابطہ کیا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں پولیس اسٹیشن کی تعمیر کیلئے مختص کی گئی 5کنال جگہ پر فوری تعمیر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تا کہ یہاں پر رہنے والے لوگوں کے جان و مال کو تحفظ حاصل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن میں پارک کیلئے مختص 22ایکڑ رقبہ پر پارک  کی تعمیر کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ آبادی کو ایک اچھا ماحول دیا جا سکے۔