صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دو ترک شہریوں ڈاکٹر سلامی کلیچ اور پروفیسر ڈاکٹر جلال سویدان کو ایوارڈز تفویض کردئیے

18

اسلام آباد۔15اگست  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دو ترک شہریوں ڈاکٹر سلامی کلیچ اور پروفیسر ڈاکٹر جلال سویدان کو استنبول میں خصوصی تقریب تقسیم اعزازات میں ایوارڈز تفویض کردئیے۔ صدر عارف علوی نے ڈاکٹر سلامی کلیچ کو پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔ ڈاکٹر سلامی نے پاکستان میں 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔ پاکستان میں 2010 کے سیلاب کے بعد ڈاکٹر سلامی نے ڈیرہ مراد جمالی میں ایک فیلڈ ہسپتال کے قیام میں بھی مدد فراہم کی تھی۔وہ مظفر گڑھ میں رجب طیب اردگان ہسپتال کے قیام میں بھی پیش پیش رہے۔

 صدر نے پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں پروفیسر ڈاکٹر جلال سویدان کو ستارہ قائداعظم کے ایوارڈ سے نوازا۔ وہ استنبول یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے سربراہ ہیں۔ ڈاکٹر جلال نے اپنے تین دہائیوں پر محیط کیریئر میں ترکی زبان میں اردو اور اردو ادب کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ڈاکٹر جلال 20 کتابوں کے مصنف ہیں جبکہ قومی اور عالمی جرائد میں ان کے اردو اور ترکی میں دو درجن سے زائد مضامین  ومقالے شائع ہوچکے ہیں۔ ڈاکٹر جلال نے اقبالیات کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر جلال علامہ اقبال کی تصانیف ارمغان حجاز ، ضرب کلیم ، بال جبریل ، بانگ درا اور اسلام میں مذہبی فکر کی احیائے نو کا ترک زبان میں ترجمہ کر چکے ہیں۔