صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی یونیورسٹیوں پر معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے آن لائن تعلیم میں اضافے ، تحقیق اور جدت پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور

28

اسلام آباد،24اگست  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یونیورسٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے آن لائن تعلیم میں اضافہ کریں اور تحقیق اور جدت پر توجہ دیں، بدلتی ہوئی دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے طلباء کو تیار کرنے کے لئے جامعات کے وژن کو تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز، اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر نے ملک میں تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔  انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے مختلف پروگراموں میں 22 ہزار طلباء داخل ہوئے اور 77 ہزار سے زائد طلباء نے گریجویشن کیا۔  انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے مالی سال 21۔2020 کے دوران معذور افراد سمیت طلباء کو 340 ملین روپے کے سکالرشپس فراہم کئے ہیں۔

 صدر مملکت نے ملک کی تعلیمی ترقی میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ21ویں صدی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو فکری طور پر اعلیٰ گریجویٹ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔  انہوں نے یونیورسٹی مینجمنٹ سے کہا کہ وہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ قائم کرے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کی مہارت فراہم کی جا سکے تاکہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔ صدر مملکت نے مختلف زبانوں میں تحقیق اور اشاعت کے شعبوں میں نمل  یونیورسٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔