صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو کا دورہ چنیوٹ ، محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر انتظامی وحفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا

25

چنیوٹ،17 اگست  (اے پی پی ):صوبائی وزیر کلچر،کالونیز خیال احمد کاسترو  نے  چنیوٹ کا  دورہ کیا،ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان،ڈی پی او بلال ظفر و دیگر افسران کے ہمراہ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر انتظامی وحفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے محلہ ٹھٹھی شرقی تھانہ سٹی روڈ میں جلوسوں کے روٹس پر انتظامی وپولیس افسران کی ڈیوٹی اور محکموں کی یوٹیلٹی سروسز کی موجودگی کو چیک کیا اور وہاں امن کمیٹی کے ممبران و منتظمین سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے محرم جلوسوں ومجالس کے منتظمین سے انتظامی وحفاظتی امور کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ تمام تر ضروری انتظامات کو چوکس رکھنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر کلچر،کالونیز خیال احمد کاسترو نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران سے کہاکہ محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں کو ہمہ وقت کلیئر رکھیں اورمحرم روٹس کی صورتحال پر ہمہ وقت گہری نظر ہونی چاہیے۔انہوں نے منتظمین سے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کی کامیابی کے لئے بھرپور تعاون کرتے ہوئے محرم جلوسوں اور مجالس کے آغاز اوراختتام کے اوقات کی پابندی کا خیال رکھیں۔