عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ڈائلسز کی 36جدید مشینیں نصب کی جا رہی ہے، فاؤنڈیشن صحت،تعلیم اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔عبدالعلیم خان

29

لاہور 30اگست (اے پی پی): سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے سروسز ہسپتال کے ڈائلسز یونٹس کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا جس پر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر(ر) خالد بشیر نے تفصیلی بریفنگ دی۔

  وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ڈائلسز کی 36جدید مشینیں نصب ہونگی ان یونٹس میں ڈائلسز کے مریضوں کو معیاری اور مفت طبی سہولیات میسر ہوں گی،ان مشینوں کے  تمام اخراجات فاؤنڈیشن برداشت کریگی، سروسز ہسپتال میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کا ڈائلسز بلاک 3فلور ز پر مشتمل ہوگا، فاؤنڈیشن ڈائلسز کے مریضوں کو جدید سہولتوں سے مزئین بیڈز و مشینری فراہم کریگی۔

 سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی متعلقہ حکام کو تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل کرنے اور یونٹس فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن یہ ڈائلسز یونٹس سروسز ہسپتال کے نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ کے اشراک سے چلائیگی، ڈائلسز کے تینوں بلاک ائیر کنڈیشنڈ ہیں، مریضوں کے علاوہ اٹینڈنٹس کو بھی سہولتیں فراہم کرینگے، نئے بلاک کی تکمیل پر فاؤنڈیشن ڈائلسز مشینوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن سروسز کے علاوہ میو ہسپتال میں بھی ڈائلسز یونٹس پر کام کر رہی ہے، فاؤنڈیشن صحت،تعلیم اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کسی سرکاری و نجی ادارے کی سپورٹ کے بغیر اپنے وسائل سے کام کرتی ہے۔