فیصل آباد، 19 اگست (اے پی پی): ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی جمعرات کو یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے جبکہ 10محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ سے صبح 8بجے برآمدہوکر اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے اورکل153 جلوسوں اور25مجالس کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ تعزیہ، علم،ذوالجناح کے ماتمی جلوسوں سے قبل مجالس میں ذاکرین و علما کرام نے مصائب اہلبیت بیان کئے۔
اس موقع پرعزاداری کے جلوسوں کے راستوں میں جگہ جگہ شربت و دودھ کی سبیلوں اور نیاز کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ قبرستانوں میں بھی شہریوں کازبردست رش دیکھنے میں آیا جہاں لوگ جوق در جوق اپنے پیاروں کی آخری آرام گاہوں پرحاضری کیلئے آتے، پھول چڑھاتے اور فاتحہ خوانی کرتے رہے۔
ماتمی و عزاداری کے جلوسوں سے قبل زاکرین و علما کرام نے مصائب اہلبیت بیان کرتے ہوئے فلسفہ شہادت اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ پیغام حسین رضی اللہ عنہ میں اسلام اور وطن عزیز کی بقا و سلامتی ہے کیونکہ واقعہ کربلاصبر،ایثار،قربانیوں اور اہل بیت کے اتحادکی عظیم مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے نظام شریعت کے احیا و تحفظ کیلئے یزیدی قوتوں سے ٹکرا کر اسلام کے پرچم کو بلند کیانیزحسینی کردار کے ہر پہلو میں سیرت محمدیﷺ جلوہ گر ہے۔انہوں نے کہا کہ کربلا کے جانثاروں کی لازوال قربانیاں انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں جبکہ 10محرم اسلام کے ساتھ تجدید عہد و وفا کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول، جگر گوشہ بتول، سید الشہدا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قربانیوں کوتاریخ رہتی دنیا تک یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ کربلا کی زمین پر امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنا خون گرا کر حق وباطل کے درمیان قیامت تک کیلئے لکیرکھینچ دی لہٰذا ہمیں اسلام اور پاکستان کے تحفظ کیلئے حسینی کردار اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ منیٰ میں حضرت اسماعیل علیہ اسلام کے ذبح عظیم سے لیکر بدر واُحد، خندق و حنین سے ہوتے ہوئے کربلا معلی تک سب عشق کی حرارت اورکارفرمائی ہے جبکہ عشق الہیٰ میں ہجرتیں، گھروں کولٹانا اور سروں کوکٹانا آل پاک کا وہ امتیاز ہے جس پروحی الٰہی کی شہادتیں موجودہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہادت حسین رضی اللہ عنہ کا سبق یہ ہے کہ نیکی کی تبلیغ کرنا اور برائی سے روکنا ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہے اسلئے سچ کے علمبرداراگر تعدادمیں کم بھی ہوں توجان کی پرواہ کئے بغیرحق کا ساتھ دینااور جھوٹ و باطل کا ڈٹ کرمقابلہ کرنا ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کی فضلیت بے شمار مقامات پر بیان کی گئی ہے اورمسلمانوں کی ترقی و کامیابی کا رازحسینی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پیغام حسین رضی اللہ عنہ سے رہنمائی لینا ہوگی کیونکہ نظام شریعت کا تحفظ امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قربانی کا بنیادی فلسفہ و مقصد تھا۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ سے وفا کا تقاضہ یہ ہے کہ ہر مسلمان دین اسلام کو اپنے اوپرمکمل نافذ کرنے کی کوشش کرے کیونکہ اہلبیت اطہاررضی اللہ عنہم کی سیرت معاشرے کے ہر فرد کیلئے عملی نمونہ ہے۔یوم عاشور کی صبح مجالس کے بعد جلوسوں کا آغاز ہوگیاجس میں ہزاروں کی تعداد میں مومنین مردو خواتین شریک ہیں۔
فیصل آباد میں 10محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ سے صبح 8بجے برآمدہو ا جو نڑوالا روڈ سے بھوآنہ بازارکے راستے گھنٹہ گھر میں داخل پھروہاں سے کچہری بازار اور کچہری بازار سے گول کچہری بازار،ریل بازاراور ریل بازار سے دوبارہ گھنٹہ گھر راؤنڈ اباؤٹ میں داخل ہو کر امین پور بازار سے داخل ہو کر کوتوالی چوک پہنچے گا اور کوتوالی چوک سے نڑوالاروڈ سے ہوتا ہوا غروب آفتاب کے وقت مرکزی امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ پر اختتام پذیر ہو گا،دیگر چھوٹے بڑے جلوس بھی اپنےمقررہ اوقات کے مطابق مرکزی جلوس میں شامل ہورہے ہیں۔
فیصل آباد میں آج منعقد ہونیوالی25مجالس میں 2اے کیٹیگری،5بی کیٹیگری اور 19سی کیٹیگری جبکہ 153جلوسوں میں 17اے کیٹیگری،20بی کیٹیگری اور 116سی کیٹیگری جلوس شامل ہیں۔ یوم عاشور پر اقبال ڈویژن میں سب سے زیادہ 7 مجالس، جڑانوالہ ڈویژن میں 5، لائل پور ڈویژن6، مدینہ ڈویژن میں 4،صدر ڈویژن میں 3مجالس کا اہتما م جبکہ153 جلوسوں میں اقبال ڈویژن میں سب سے زیادہ40جلوس،صدر ڈویژن39،جڑانوالہ ڈویژن 37،مدینہ ڈویژن24اور لائل پور ڈویژن میں 13 جلوس نکالے جارہے ہیں جن کی سکیورٹی کیلئے5 ایس پیز،17ڈی ایس پیز،23انسپکٹرز،127سب انسپکٹرز،266اے ایس آئیز اور3500سے زائد جوان تعینات کئے گئے ہیں نیز 10 ایلیٹ فورس کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ پولیس قومی رضاکاروں کی 15ٹیمیں بھی مجالس اور جلوسوں کے ارد گرد گشت کررہی ہیں جبکہ اس کے علاوہ 1500سے زائد قومی رضا کار اور والنٹیئرز بھی پولیس کے ہمراہ ڈیوٹی میں معاونت کررہے ہیں اسی طرح بیک اپ کیلئے پولیس لائنز میں 600سے زائد جوانوں کو سٹینڈ ٹو رکھا گیا ہے۔
شہر میں تمام جلوسوں کیلئے 4 پرت حصار قائم کئے گئے ہیں جن میں سب سے پہلے والنٹیئرزکے ذریعے بندے کی شناخت اور سرچ، دوسرے مرحلے میں خواتین وحضرات مجلس کیلئے ایک راستے سے داخلے، تیسرے مرحلے میں واک تھرو گیٹس و میٹل ڈیٹیکٹرز سے سویپنگ جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے میں عبادت گاہوں کے ہال میں بھی سکیورٹی کی تعیناتی ہے تاکہ یوم عاشور پرامن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب ریسکیو1122فیصل آباد نے یوم عاشور کے سلسلہ میں شہر کے مختلف اہم مقامات پر51 ریسکیو پوسٹیں قائم کی ہیں جہاں 700 سے زائد ریسکیو اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں نیزیوم عاشور پر کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے یا عزاداران کو فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے 35 ایمبولینسز، 25 فائر وہیکلز اور 100 موٹر بائیک ایمبولینسزبھی ہائی الرٹ ہیں۔
فیصل آباد میں یوم عاشور کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں میں ٹریفک کو متبادل روٹس پر چلانے کیلئے 1 ہزار ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے جن علاقوں میں جلوس نکل رہے ہیں ہیں وہاں ٹریفک کو متبادل راستوں کوتوالی روڈ چنیوٹ بازار چوک سے بابر سینما چوک تک، سرکلر روڈ چنیوٹ بازار چوک سے لے کر گمٹی چوک تک، ریلوے روڈ گمٹی چوک سے لے کر چارٹرڈ بینک چوک تک، کارپوریشن روڈ گمٹی چوک سے لے کر کارپوریشن موڑ تک، امام بارگاہ روڈ انٹری جھنگ بازار سے لے کر کوٹھی طاہر شاہ چوک تک، آٹھوں بازار گھنٹہ گھر بشمول چوک گھنٹہ گھر، عید گاہ چوک تاکوتوالی چوک، ضلع کونسل چوک تا کچہری بازار چوک، نشاط سینما چوک تا جڑانوالہ چوک، جھال چوک تا سلیمی چوک، جی ٹی ایس تا ضلع کونسل چوک کے ایریا زکی جانب سے دیگر راستوں پر ڈائیورٹ کیا جارہا ہے۔ اسی طرح گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بھی موڑ کوٹھی طاہر شاہ چوک تا ڈیری فارم موڑ، جی سی یونیورسٹی گیٹ نمبر 4،پولیس پٹرول پمپ تا نثار اکبر چوک، کوٹھی طاہر شاہ چوک تا موڑ گلبرگ روڈ تک کے ایریا ز مخصوص کئے گئے ہیں۔