فیصل آباد، 11 اگست (اے پی پی): ہنڈائی ڈالہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں بدھ کی صبح افسوسناک حادثہ کے نتیجہ میں 5 افراد جاں بحق جبکہ3شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
حادثہ فیصل آباد جھنگ روڈ سدھار بائی پاس ملاں پور چوک کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ اس دوران ہنڈائی ڈالہ کے ٹکرانے سے سڑک کنارے نصب بجلی کا کھمبا بھی ہنڈائی ڈالہ پر آن گراجس کے نتیجہ میں 5 افراد طاہر ولد طفیل سکنہ 88 ج ب جھنگ،شاہ زیب ولد نا معلوم سکنہ ایوب چوک جھنگ صدر،احمد دین ولد کرم دین سکنہ ایوب چوک جھنگ صدر، مدثر ولد نذیر سکنہ ایوب چوک جھنگ صدر اور جعفر سکنہ چک 425 عباس پور جاں بحق اور شبیر ولد کریم سکنہ ایوب چوک جھنگ صدر سمیت دو نامعلوم افرادشدیدزخمی ہوگئے۔
پولیس تھانہ ٹھیکریوالہ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ ہنڈائی ڈالہ میں لوڈ 9 جانور، بکرے بکریاں، مینڈھے بھی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ افسوسناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامی و پولیس حکام اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور جاں بحق و زخمی ہونیوالوں کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا۔