فیصل آباد 27 اگست (اے پی پی): فیصل آباد میں جمعہ کے روز ایک ہی وقت میں ایک لاکھ پودے لگانے کا عالمی ریکارڈقائم کرنے کیلئے کلیم شہیدپارک نڑ والا روڈ فیصل آبادمیں مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سکولز و کالجز کے ہزاروں طلبااور سول سوسائٹی کے افراد نے کلیم شہید پارک سمیت دیگر تمام تحصیلوں میں پودے لگا کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ کلیم شہید پارک نڑ والا روڈ فیصل آباد میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت و کالونیزپنجاب میاں خیال احمد کاسترو،چیئرمین فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی و ایم پی اے چوہدری لطیف نذر،ایم این اے خرم شہزادشیخ،کمشنرفیصل آباد ثاقب منان،ڈپٹی کمشنر محمد علی،اے سی سٹی ایوب بخاری، سی ای اوایجوکیشن علی احمد سیان، اساتذہ،مختلف سکولز و کالجزکے ہزاروں طلبا، ریسکیو 1122، پی ایچ اے ڈیپارٹمنٹ کے افسران و اہلکاران اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقد کی جانیوالی تقریب کے موقع پر بتایا گیا کہ جمعہ کے روز تحصیل سٹی فیصل آباد میں 20ہزار جبکہ باقی 4تحصیلوں میں 16,16ہزار پودے لگائے جارہے ہیں اسی طرح 2210سکولوں میں بھی اس کے علاوہ پودے لگائے جائیں گے اس طرح ایک ہی روز اور ایک ہی وقت میں ضلع فیصل آباد میں کل ایک لاکھ پودا لگا نے کاعالمی ریکارڈ قائم ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پودے لگانے کی تقریب میں 8ہزار سکول طلبا اور 2ہزار کالج طلبا نے بھی حصہ لیاجو بذات خود ایک الگ ریکارڈ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ ضلع فیصل آباد کو 10لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے جسے مختلف سرکاری، نیم سرکاری، نجی اداروں اور تنظیموں کے اشتراک سے جلد مکمل کرلیا جا ئے گا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں پی ایچ اے کی جانب سے میاواکی کے10جنگلات بھی لگائے جارہے ہیں جن سے جہاں شہر سے فضائی و ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوگا وہیں کلین اینڈ گرین اور سرسبز و شاداب شہر کا خواب بھی پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر میاں خیال احمد کاسترو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ پر برق رفتاری سے عمل جا ری ہے اور دنیا بھر کے ممالک اس اقدام پر موجودہ حکومت کی کارکردگی کے معترف ہیں جبکہ ماحولیات کے عالمی دن کی میزبانی پاکستان کو ملنا بھی ایک اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بشر دو شجر کی حکومتی پالیسی کے تحت ہر شہری کو چاہیے کہ وہ کم از کم دو پودے ضرور لگائے تاکہ آنیوالی نسلوں کو ہر قسم کی آلودگی سے پاک صاف ستھرا اور صحت مند و خوشگوار ماحول میسر آسکے۔انہوں نے زور دیکر کہاکہ ہم نے نہ صرف نئے پودوں کو لگانا بلکہ ان کو بچانا بھی ہے تاکہ آبیاری کے بعد یہ نوخیز پودے جلد تناور درخت بن سکیں۔