لاہور، 18 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے امام بارگاہ قصرِ بتول شادمان، پانڈو سٹریٹ سمیت لاہور کی مختلف امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے روٹس کادورہ کیا اور سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے امام بارگاہوں کے منتظمین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی و دیگر انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، مجالس اور جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، امام بارگاہوں، مساجد اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور مانیٹرنگ کے لئے شہر میں اضافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے لئے روٹ اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جارہا ہے، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین نے بہترین انتظامات پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔