لاہور، 18 اگست ( اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور چئیرمین متحدہ علما بورڈ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے 90 شارع قائد اعظم پر منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی اور امن قائم رہنا ایک بڑی کامیابی ہے، ملک بھر خصوصاً پنجاب میں علماء اور حکومت کے تیار کردہ پیغام پاکستان ضابطۂ اخلاق کے مطابق بین المسالک یگانگت قائم رہی، کچھ عمومی شکایات آئیں ضرور مگر حکومت نے بروقت اقدامات اٹھائے اور ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں منصوبہ بندی کی گئی کہ محرم الحرام کے دوران پاکستان میں فساد برپا کیا جائے مگر ایسے مذموم مقاصد کو بہترین حفاظتی حکومتی اقدامات کے ذریعے ناکام کر دیا ۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم خوش ہیں کہ افغانستان میں طالبان کی طرف سے مثبت بیانات آ رہے ہیں، وہ اس عزم کا اعادہ کر رہے ہیں کہ افغانستان کی سر زمین کسی دوسرے ملک میں کی جانے والی شرپسندی اور بد امنی کے لئے استعمال نہیں ہو گی، اب دہشت گردانہ بھارتی منصوبے خاک میں ملیں گے ۔