مری، 17 اگست(اے پی پی): محرم الحرام کور پلان کے سلسلے میں ریجنل ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی ریسکیو 1122 ڈاکٹر عبدالرحمن نےاپنی ٹیم کے ہمراہ ریسکیو 1122 مری کا دورہ کیا۔ مری کے تمام ریسکیو اسٹیشنز، کنٹرول روم سمیت تمام شعبہ جات کا معائنہ، دورے کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے ماہ اور خاص طور پر نویں دسویں محرم الحرام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ریسکیو مری کی استعداد کار کو جانچنا اور دستیاب وسائل سے آگاہی کے ساتھ ساتھ ضروریات کا جائزہ لینا شامل تھا۔
شہریوں کو بر وقت ریسکیو سروس کی فراہمی کے تشکیل دیئے گۓ ایمرجنسی کور پلان پر انچارج ایمرجنسی آفیسر حمزہ علی خان نے تفصیلی دستیاب وسائل پر بریفنگ دی، اس کے ساتھ ساتھ سیزن کے دوران تحصیل مری میں پیش آنے والے حادثات پر بہتر ایمرجنسی سروس مہیا کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں، اپنی ٹیم کے ہمراہ گاڑیوں، بلڈنگ اور سٹاف کے ٹرن آؤٹ کا معائنہ بھی کیا، عوام کو بروقت ایمرجنسی سروس کی فراہمی اور سٹیشن صفائی کے بارے میں بھی ہدایات جاری کیں،شہری ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں تاکہ حادثات میں کمی آئےاس کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب اور تحصیل انتظامیہ کی طرف سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل بھی کریں، ریسکیو اہلکار شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بناتے رہیں گے۔
بعد ازاں ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے انچارج ایمرجنسی آفیسر کے ہمراہ بروری کے مقام پر منعقد ہونے والی فیلڈ ایکسرسائز کا معائنہ بھی کیا،یاد رہے اس فیلڈ ایکسرسائز میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ریسکیو اہلکار بھر پور طریقے سےحصہ لے رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ فیلڈ ایکسرسائز کروانے کا بنیادی مقصد کسی بھی بڑے سانحے کی صورت میں پیشہ ورانہ انداز میں امدادی کاروائیوں کو جاری رکھنا ہے