مریم نواز عورتوں کو حقوق دلوانے نکلی تھیں، پی ڈی ایم نے عورتوں کو جلسے میں آنے کی اجازت ہی نہیں دی؛ ڈاکٹر شہباز گل

16

فیصل  آباد،29اگست  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز عورتوں کو حقوق دلوانے نکلی تھیں، پی ڈی ایم نے عورتوں کو جلسے میں آنے کی اجازت ہی نہیں دی۔

اتوار کے روز الحمرا ٹاؤن ایسٹ کینال روڈ گٹ والا فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا پی ڈی ایم کی میٹنگ میں کیا باتیں ہوئیں ہمیں سب پتہ ہے جبکہ پی ڈی ایم اب بری طرح ناکام ہوچکی اسلئے اس کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی نیزگلگت بلتستان میں ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے اورمریم نواز کو آزاد کشمیر کا الیکشن اور اس میں عبرتناک شکست ساری عمر یاد رہے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے پہلے عورتوں کے حقوق کی بات ہمارے نبی ﷺ نے کی مگر مریم عورتوں کے حقوق کیلئے یورپی این جی اوز کو بلانا چاہتی ہے جبکہ ان کے سیاسی آقا فضل الرحمن کے عورتوں کے خلاف بیانات آن ریکارڈ ہیں جو نواز شریف سے مل کر اپنے جلسوں کے دوران مخالف خواتین پر نازیبا الزامات لگاتے تھے لہٰذا خواتین کے حقوق کی دعویدار مریم نواز کو استعفیٰ دیدینا چاہیے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم نوازتو اجلاس میں بھی عورتوں کے حقوق کے حوالے سے کچھ نہیں بولیں لیکن وہ راجہ ظفرالحق جیسے لوگوں سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا آپ نے سیاست اسلئے کی کہ چوروں کے پیچھے بی ٹیم بن کر کھڑے ہوجائیں اور وہ بھی اس مولانا فضل الرحمن کے پیچھے جو چھ یا سات سیٹوں سے آگے نہیں جاسکتے۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدرکا تھرتھلی موڈ آف ہوگیاہے اور آج کل ہمارے معاملے پر سکتے میں ہیں مگرپھر بھی ہم ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اپوزیشن کے ساتھ مل کرکام کرنے کیلئے تیار ہیں۔